مصنف
ڈاکٹر عظمت رباب
Principal Investigator (PI)
ڈاکٹر عظمت رباب گذشتہ انیس(19) برس سے لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی سے وابستہ ہیں ۔ وہ شعبہ اردو میں ایسوسی ایٹ پروفیسر کے طورپر خدمات انجام دے رہی ہیں ۔ انھوں نے جی سی یونیورسٹی لاہور سے 1997 میں ایم۔ اے اردو کا امتحان بدرجہ اول پاس کیا اور رول آف آنر حاصل کیا ۔ 2023 میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی شعبہ اردو سے پوسٹ ڈاکٹریٹ مکمل کیا۔
ان کا نام تحقیق و تدوین میں ایک معتبر حوالہ ہے ۔ وہ تیرہ(13) کتابوں کی مصنف اور مرتِب ہیں جن کے موضوعات تحقیق ، تدوین ، غالبیات اور اقبالیات ہیں ۔ ان کی چند اہم کتابوں میں غلام قادر فصیح۔ احوال و آثار ، مطالعاتِ غالب،اقبال اور رومانویت، اردو تدوینِ متن کی روایت اوراردو تدوینِ متن کے دبستان وغیرہ شامل ہیں ۔ ڈاکٹر محمد خاں اشرف کی رہنمائی اور معاونت میں انھوں نے پانچ (5)کتابوں اصطلاحات تدوینِ متن ، اصطلاحات تحقیق و تدوین، اردو کلیاتِ غالب نسخہ اشرف، فرہنگ اردو کلیاتِ غالب اور اشرف اللغات میں شریک مصنف کی حیثیت سے کام کیا ہے۔
ان کے پچاس(50) سے زائد علمی ، ادبی اور تحقیقی مضامین پاکستان کے نامور رسائل و جرائد میں شائع ہو چکے ہیں ۔ پچیس (25)سے زائد قومی اور بین الاقوامی کانفرنسوں میں بطور مقالہ نگار شرکت کی ہے ۔ان کی نگرانی میں اب تک چھ(6) پی ایچ ڈی ، انیس(19) ایم ایس اور پچیس(25) بی ایس مقالات تحریر کیے جا چکے ہیں۔ 2015 میں ترکی کے شہر استنبول میں بین الاقوامی سمپوزیم میں بھی مقالہ بعنوان’’ترک جامعات میں اردو زبان و ادب کی تدریس‘‘ پیش کیا ۔ان کا یہ اعزاز ہے کہ لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی لاہور کے شعبہ اردو میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے پراجیکٹ NRPU2020 کے تحت پہلی بار پراجیکٹ منظور ہوا جس کا عنوان ہےUrdu Literary Research: Use of Digital Resources, Methodology and Terminology
ان کا تحقیقی سفر جاری و ساری ہے